Saturday, September 21, 2024

کراچی کی انتخابی پچ پر مقابلہ دلچسپ،بلاول کا مقابلہ گلوکار،عمران خان کا ادا کار کریں گے

کراچی کی انتخابی پچ پر مقابلہ دلچسپ،بلاول کا مقابلہ گلوکار،عمران خان کا ادا کار کریں گے
June 9, 2018
کراچی ( 92 نیوز ) کراچی کی انتخابی پچ پر مقابلے کے لیے دلچسپ صورتحال  پیدا ہو گئی ہے  بلاول بھٹو کے سامنے گلوکار جب کہ عمران خان کے مقابلے میں معروف اداکار ہوں گے ۔ کراچی میں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا مقابلہ معروف گلوکار جواد احمد کریں گے جب کہ  چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے مقابلے پر ایوب کھوسو اتریں گے ۔ دوسری طرف  ایم کیو ایم الیکشن سے پہلے ہی آپس میں الجھ پڑی ہے ۔ فاروق ستار این اے 241، 245اور 47 سے امیدوار ہیں جن کے  مقابلے پر بہادرآباد کے امیدوار ہیں ۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے چھٹے روز مزید 105 سے زائد امیدوار سامنے آگئے ہیں ۔ گلوکار جواد احمد نے بلاول بھٹو کے مدمقابل این اے دو سو چھیالیس سے کاغذات جمع کرائے ہیں جبکہ   پی ایس پی کے وسیم آفتاب اور ایم کیو ایم کے روف صدیقی این اے 255  میں  مدمقابل ہیں ۔  این اے 254 پر مہاجر قومی موومنٹ کے سربراہ آفاق احمد امیدوار ہیں ۔ ایم کیو ایم پی آئی بی کے 10 ، بہادر آباد کے 40 امیدوار سامنے آچکے ہیں۔ کراچی کے انتخابی دنگل میں بڑے بڑے سیاسی پہلوان امیدوار ہیں، مجموعی طور پر 500 سے زائد امیدوار سامنے آچکے ہیں، کاغذات نامزدگی کی وصولی کا سلسلہ 11 جون تک جاری رہے گا ۔