کراچی (92 نیوز) وزیر اعظم پاکستان عمران خان دو روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل ، ایم کیوایم پاکستان کے وفد اور کراچی سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی سے ملاقات میں کراچی ترقیاتی پیکج 102 ارب روپے کرنے کے خوشخبری سنائی۔
وزیراعظم عمران خان کے 2 روزہ دورہ کراچی کا آغاز گورنر سندھ عمران اسماعیل کی ملاقات سے ہوا جس میں وزیر اعظم نے کراچی میں جاری وفاقی حکومت کےمنصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ایم کیوایم پاکستان کا وفد بھی وزیر اعظم سے ملاقات کیلئے گورنر ہاؤس پہنچا اور اپنے تحفظات سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔
مئیر کراچی نے وفاقی حکومت سےکراچی میں ماس ٹرانزٹ کیلئے تعاون اور کراچی پیکیج پر جلدعمل درآمد کا مطالبہ کیا۔ جواب میں وزیر اعظم نے اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے اور کراچی میں جلد بڑے منصوبے شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر اعظم نے کراچی سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی وصوبائی سے بھی ملاقات کی جس میں اراکین نے پی ٹی آئی کراچی کی قیادت کیخلاف شکایتوں کے انبار لگا دئیے جبکہ ممبر صوبائی اسمبلی رمضان گھانچی اپنا مسئلہ بتاتے ہوئے رو پڑے جس پر وزیر اعظم نے کہا کہ وہ رمضان گھانچی کا معاملہ خود دیکھیں گے۔
وزیر اعظم نے ملاقات میں اراکین کو کراچی ترقیاتی پیکج کو 102 ارب کرنے کی خوشخبری سنائی جبکہ گورنر سندھ کو پابند کیا ہے کہ وہ ہفتے میں ایک بار صوبائی اور قومی اراکین سے ملاقات کرکے ان مسائل حل کریں گے۔
گورنر ہاؤس میں وزیر اعظم کو اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر اور وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار نے شرکت کی۔
دوسری جانب وزیر اعظم آج گورنر ہاوس میں کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں کراچی میں جاری وفاقی منصوبوں اور ترقیات کاموں پر بریفنگ دی جائے گی۔