کراچی کورنگی میں گلے پر ڈور پھر جانے سے معصوم عالیان جاں بحق

کراچی (92 نیوز) پتنگ بازی کی قاتل ڈور نے ایک اور گھر اجاڑ دیا۔ کراچی کورنگی میں گلے پر ڈور پھر جانے سے معصوم عالیان جاں بحق ہو گیا۔
کراچی میں ہنستا بستا گھر ماتم کدہ بن گیا۔ کورنگی ساڑھے تین میں والد کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار معصوم عالیان جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
لخت جگر کی موت سے والدہ پر قیامت ٹوٹ پڑی۔ پھول کی مانند صاحب زادے کی جدائی نے دنیا اجاڑ دی۔
عالیان کے چچا بھی غم سے نڈھال ہیں۔ رو رو کر بُرا حال ہوگیا۔ ڈور بنانے پر پابندی کا مطالبہ کر دیا۔
بچے کی موت پر علاقہ بھی سوگوار ہے۔ محلے داروں نے دکھ کا اظہار بھی کیا۔ کہتے ہیں ڈور بنانے کے خلاف سخت قوانین بنائے جائیں۔
اہلخانہ عالیان کی لاش جناح اسپتال سے قانونی کارروائی کے بغیر گھر لے گئے۔