Tuesday, January 25, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو شکست دے دی

کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو شکست دے دی
February 26, 2018

دبئی ( 92 نیوز ) پی ایس ایل کا رنگا رنگ میلہ جاری ہے ۔ اہم میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 5  وکٹوں سے شکست دے دی ۔

پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے 131 رنز بنائے تھے ۔ کراچی کنگز نے  132 رنز کا ہدف 5  وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا ۔

پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا  اور مقررہ 20 اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز بنائے ۔پشاور زلمی کی جانب سے کھیل کا شاندار آغاز نہ ہو سکا ، اوپنر تمیم اقبال اور کامران اکمل خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے ۔

تمیم اقبال 12 گیندوں پر 11 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ،جب کہ کامران اکمل  نے دھاواں دار بلے بازی کی کوشش کی مگر 5 گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے 14 رنز بنا کر محمد عامر کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔

پشاور زلمی کی ہچکولے کھاتی ناؤ کو ڈیرن سمتھ نے سنبھالنے کی کوشش کی اور جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے  51 گیندوں پر 5 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 71 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے ۔

محمد حفیظ ، حارث سہیل ، ابتسام شیخ اور ڈیرن سیمی سمیت پشاور زلمی کا کوئی اور کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکا۔

کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر دو اوورز میں د وکٹوں کے عوض صرف 6 رنز دے کر کامیاب ترین باؤلر رہے جب کہ روی بوپارا دو اوورز میں بغیر کوئی وکٹ حاصل کئے 27 رنز دے کر مہنگے ترین باؤلر ثابت ہوئے ۔

عماد وسیم نے 4 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ لئے 21 رنز ، ٹیمل ملز نے 4 اوورز میں ایک وکٹ لے کر 28 رنز ، شاہد آفریدی نے 4 اوورز میں دو وکٹوں کے عوض 22 رنز  دیئے ۔

کراچی کنگز 132 رنز کے ہدف کیلئے  میدان میں اتری تو اوپنر بلے باز خرم منظور دھوکہ دے گئے اور 6 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے پانچ اسکور بنا کر جورڈن کی گیند پر ابتسام شیخ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ۔ ساتھی اوپنر جوئے ڈینلی نے  محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 39  گیندوں پر 29 رنز بنائے ۔ وہ جورڈن کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔

بابر اعظم نے 20 گیندوں پر قیمتی 28 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنائی  ، وہ ابتسام شیخ کی گیند پر سیمی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔

کولن انگرام نے ایک چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 14 گیندوں پر 23 رنز بنائے  اور ابتسام شیخ کی گیند پر محمد حفیظ کو کیچ تھما بیٹھے ۔

محمد رضوان نے 16 گیندوں پر 19 رنز بنائے ، وہ محمد اصغر کی گیند پر جورڈن کے ہاتھوں  کیچ تھما بیٹھے جب کہ روی بوپارا 23  گیندوں پر 17   رنز بناکر ناقابل شکست رہے ۔

عماد وسیم نے پہلی ہی گیند پر چھکا مار کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا ۔

پشاور زلمی کی جانب سے  محمد اصغر 3.4 اوورز میں ایک وکٹ کے عوض 30 رنز دے کر مہنگے ترین باؤلر ثابت ہوئے جب کہ ابتسام شیخ 4 اوورز 25 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کر کے  کامیاب ترین باؤلر ٹھہرے ۔

عمید آصف نے 4 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ حاصل کئے 20 رنز  ، جورڈن نے 4اوورز میں دو وکٹوں کے عوض 29 رنز  دیئے ۔ابتشام شیخ  نے 4 اوورز میں دو وکٹوں کے عوض 25 رنز دیئے ۔

وہاب ریاض نے 4 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ حاصل کئے 29 رنز دیئے ۔