Sunday, December 4, 2022

کراچی ، پولیس کی فائرنگ سے ڈیڑھ سالہ بچہ جاں بحق ، دو اہلکار گرفتار

کراچی ، پولیس کی فائرنگ سے ڈیڑھ سالہ بچہ جاں بحق ، دو اہلکار گرفتار

کراچی ( 92 نیوز) کراچی کے علاقے سچل میں پولیس کی مبینہ فائرنگ سے ڈیڑھ سالہ احسن جاں بحق ہو گیا ، دو اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا، پوسٹمارٹم مکمل کر لیا گیا ۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دائیں جانب سے سینے میں گولی لگی جو  بائیں جانب کمر سے پار ہوگئی۔

کراچی یونیورسٹی روڈ پر مبینہ مقابلے میں  کالی وردی والوں کی  فائرنگ سے معصوم احسن زندگی کی بازی ہارگیا، ایس ڈی پی او نے اعتراف کرلیا ۔ دونوں اہلکاروں کو  گرفتار کر کے ان کے  بیان قلمبند کر لئے گئے ، وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لیکر  ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کرلی۔

یونیورسٹی روڈ پر مبینہ مقابلے میں پولیس کی فائرنگ سے ڈیڑھ سالہ احسن جاں بحق ہوگیا، خوش قسمتی سے والد اور والدہ محفوظ رہیں،فائرنگ کےبعد پولیس اہلکار فرار ہوگئے جبکہ بچے کی لاش کو نجی اسپتال منتقل کیا گیا، والد نے بتایا کہ پولیس کو فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا، کچھ دیر بعد احسن کے جسم سے خون بہنے لگا۔

لخت جگر کی جدائی پر والدہ شدت غم سے نڈھال، رو رو کر برا حال ہوگیا۔