Friday, December 9, 2022

کراچی : پولیس کارروائی میں لیاری گینگ وارکے چار ملزم گرفتار

کراچی : پولیس کارروائی میں لیاری گینگ وارکے چار ملزم گرفتار
کراچی(92نیوز)لیاری بغدادی میں پولیس نے دو مختلف مقامات پر کارروائی کرکے لیاری گینگ وار کے چار ملزموں کو گرفتار کر لیا  گرفتار ملزم مختلف سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھے جبکہ ملزموں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ۔ تفصیلات کےمطابق  کراچی میں لیاری کے علاقے  بغدادی ٹاون میں خفیہ اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی اور لیاری گینگ وار کے چار اہم کارندے دھر لئے لیا ری شاہ بیگ لین میں پہلی کارروائی کے دوران لیاری گینگ وار بابا لاڈلا گروپ کے دو اہم کمانڈر زبیر بلوچ اور اویس بلوچ کو گرفتار کیا گیا ۔ گرفتار دونوں ملزموں نے لیاری بغدادی کے علاقے سے دو افراد کو اغوا کیا اور بعد میں فائرنگ کر کے ایک کو قتل اور دوسرے کو زخمی کیا تھا ۔  دونوں ملزم بھتہ خوری کی وارداتوں میں بھی ملوث تھے۔ ملزموں کے قبضے سے ایک دستی بم ایک ٹی ٹی پستول ایک کلاشنکوف اور چھ سو سے زائد گولیاں برآمد ہوئی ۔ دوسری کارروائی میں دو ملزم عاقب اور فیضان گرفتار ہوئے دونوں ملزموں کا تعلق لیاری گینگ وار سنی گروپ سے ہے ۔ ملزم  اسٹریٹ کرائم بھتہ خوری اور دیگر وارداتوں میں ملوث تھے ۔ ایس ایس پی سٹی فیض اللہ کریجو کا کہنا تھا کہ حساس ادارے سے اطلاع موصول ہوئی تھی کہ گرفتار ملزم اولڈ سٹی ایریا میں بڑی کارروائی کا منصوبہ بنارہے تھے ۔