Monday, November 29, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

کراچی: پولیس اور رینجرز کی مختلف کارروائیاں، چار دہشتگرد ہلاک، زخمی ملزموں سمیت آٹھ گرفتار

کراچی: پولیس اور رینجرز کی مختلف کارروائیاں، چار دہشتگرد ہلاک، زخمی ملزموں سمیت آٹھ گرفتار
March 19, 2016
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) کراچی میں پولیس اور رینجرز کی مختلف کارروائیوں میں چار دہشتگرد ہلاک اور زخمی ملزموں سمیت آٹھ کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ہلاک دہشت گردوں سے برآمد ہونے والا بارودی مواد ناکارہ بنا دیا گیا۔ منگھو پیر میں پولیس اور رینجرز نے چھاپہ مارا تو دہشت گرد بوکھلا گئے۔ پہلے گولیوں کی بوچھاڑ کی اور پھر بکتربند کو دستی بم سے نشانہ بنایا۔ جواب بھی بھرپور دیا گیا اور دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ سرچ آپریشن کے دوران دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا جسے ناکارہ بنانے کے لیے بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کیا گیا۔ نیو کراچی میں پولیس نے حساس اداروں کی اطلاع پر کارروائی کی تو مقابلہ ہو گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشتگردوں راشد مہناس اور جنت گل کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔ دہشت گردوں سے دستی بم اور اسلحہ برآمد ہوا۔ اتحاد ٹائون میں مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزموں کو گرفتار کر کے اسلحہ اور کریکر بم برآمد کر لیے۔ رینجرز نے گڈاپ ٹائون میں کارروائی کر کے عسکری ونگ کے چار کارندوں کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ ادھر محمودآباد کشمیر کالونی میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپا مارا تو دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کر دی گئی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے 2 دہشت گرد زخمی ہو گئے جو بعد میں دوران علاج دم توڑ گئے۔ پولیس نے بتایا کے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جن کے قبصے سے اسلحہ، بارودی مواد اور خودکش جیکٹ برآمد کی گئی ہیں جسے ناکارہ بنا دیا گیا۔