کراچی، پولیس اور حساس اداروں کی کارروائی، کالعدم قوم پرست تنظیم کا دہشت گرد گرفتار
کراچی (92 نیوز) کراچی میں پولیس اور حساس اداروں نے ایک کارروائی کے دوران کالعدم قوم پرست تنظیم کا دہشت گرد گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار دہشتگرد شہر میں ہونے والے 38 سے زائد دستی بم حملوں کا ماسٹر مائنڈ ہے۔
کراچی کے علاقہ بھٹائی آباد میں پولیس اور حساس اداروں نے خفیہ اطلاع پر بڑا آپریشن کیا، کالعدم تنظیم کے ماسٹرمائنڈ رمیش کمار کو گرفتارکرکے
قبضے سے دھماکہ خیزمواد، تاریں، دستی بم، موبائل فون اور شناختی کارڈ برآمد کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم دوہزار دس سے دوہزار پندرہ کے دوران شہر میں ہونے والے اڑتیس سے زائد دستی بم حملوں کا ماسٹر مائنڈ ہے جب کہ ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر شہر میں کریکر و دستی بم حملوں میں معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ مختلف اقسام کی دھماکہ خیز ڈیوائس اور بم بنانے کا بھی ماہر ہے، ملزم نے دوران تفتیش تمام دہشت گردانہ کارروائیوں کے احکامات شفیق برفت نامی دہشتگرد کی جانب سے جاری کئے جانے کا انکشاف کیا جو کہ دشمن ممالک کی خفیہ ایجنسیوں کا آلہ کار ہے۔