Tuesday, January 18, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

کراچی: پاکستان کے غریب عوام پر میڈیسن بم گرا دیا گیا، مختلف امراض کی ادویات کی قیمتوں میں پندرہ سے ستر روپے تک کا اضافہ

کراچی: پاکستان کے غریب عوام پر میڈیسن بم گرا دیا گیا، مختلف امراض کی ادویات کی قیمتوں میں پندرہ سے ستر روپے تک کا اضافہ
February 12, 2016
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) پاکستان کے غریب عوام پر میڈیسن بم گرا دیا گیا۔ مختلف امراض کی ادویات کی قیمتوں میں پندرہ سے ستر روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا۔ مریضوں کی پریشانی میں مزید اضافہ ہو گیا۔ ہول سیل مارکیٹ میں مختلف ادویات کی قیمتوں میں پندرہ سے ستر فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔ نزلہ، زکام، کھانسی جیسی عام بیماریوں سمیت امراض قلب، بلڈ پریشر، ٹی بی دماغی امراض اور جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ہول سیلر کیمسٹ پاکستان کے صدر محمد عاطف حنیف بلو کے مطابق ان ادویات میں بروفن، ڈسپرین، پیناڈول، موسیگار، کالسن، کے ساتھ ساتھ مختلف اقسام کی انٹی بائیوٹک ادویہ بھی شامل ہیں۔ پیناڈول کا پتا دو روپے اضافے کے بعد بارہ روپے کا ہو گیا ہے۔ آگمینٹن 375 ایم جی کی چھے گولیوں کی قیمت 75روپے سے بڑھ کر 98 جبکہ آگمینٹن 625 ایم جی کی چھے گولیوں کی قیمت 120 روپے سے بڑھ کر 130روپے ہو گئی۔ 50 ملی لیٹر سیپٹران ڈی ایس سسپینن 24 روپے سے بڑھ کر 39 روپے کی ہو گئی۔ سیپٹران ڈی ایس کی سو گولیاں 253 سے بڑھ کر 393 روپے جبکہ سیپٹران کی چار سو گولیاں 560 روپے سے بڑھ کر 772 روپے کی ہو گئی۔ 25ایم جی کی لینزن ٹیبلٹ کی 25 گولیوں کی قیمت پچیس سے بڑھ کر 63 روپے کی ہو گئی ہے۔ اسی طرح بروفن چار سو ایم جی کے پیکٹ کی ریٹیل قیمت 445 سے بڑھ کر 600، ڈسپرین کی ہول سیل قیمت 600 سو سے بڑھ کر 740، پیناڈول کی 180 سے بڑھ کر 240روپے کر دی گئی ہے جبکہ مارکیٹ سے ٹی بی اور دماغی امراض کی ادویات شارٹ ہونے کے ساتھ ساتھ ستر فیصد تک مہنگی بھی کر دی گئی ہیں۔ ادویات کی ان قیمتوں میں اضافے کا اندازہ جمعرات کے روز مختلف کمپنیوں کی جانب سے جاری ہونے والی ریٹ لسٹ کے بعد دیکھنے میں آیا۔