Wednesday, September 28, 2022

کراچی ، ننھی پری اقصیٰ کا قاتل گرفتار

کراچی ، ننھی پری اقصیٰ کا قاتل گرفتار
کراچی ( 92 نیوز ) کراچی سعید آباد میں ننھی پری کے قتل میں پولیس اہلکار ملوث نکلا ، کانسٹیبل وسیم احمد گھر میں پستول صاف کر رہا تھا کہ  گولی چل گئی  ۔  نامعلوم سمت سے آکر لگنے والی گولی نے  اسکول کے گراؤنڈ میں کھیلنے والی 8 سالہ اقصیٰ کی جان لے لی تھی ، پولیس نے ملزم اہلکار کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا۔ بلدیہ سعید آباد میں آندھی گولی کا شکار بننے والی طالبہ 8 سالہ اقصیٰ کا قاتل آخرکار قانون کے شکنجے میں آگیا ۔ تفتیشی حکام کا دعویٰ ہے اتحاد ٹاؤن تھانے میں تعینات کانسٹیبل وسیم اقصیٰ کا قاتل ہے جس کا  گھرسعید آباد میں اسی اسکول کے سامنے ہے جہاں اقصاء زیرتعلیم تھی ۔ گرفتار اہلکار وسیم نے تفتیشی حکام نے بتایا کہ وہ صبح اپنے گھرمیں بندوق صاف کررہا تھا کہ اسی دوران اچانک گولی چل گئی جو اسکول میں موجود طالبہ اقصاء کو جالگی۔ تفتیشی حکام کہتے ہیں واقعہ کے بعد جائے وقوعہ کا دورہ اور اسکول کے چوکیدار سےتفتیش کی پتہ چلا کہ گولی سامنے سے آئی تھی،جس کے بعد پولیس اہلکار کی گن فارنزک کے لیے بھیجی گئی تو قاتل کی تصدیق ہوگئی ۔ تفتیشی حکام کے مطابق گرفتار اہلکار  وسیم نے واقعہ کے بعد جائے وقوعہ سے گولی کا خول اور شواہد بھی چھپادئیے تھے۔