Saturday, July 27, 2024

کراچی : نجی ٹی وی کی ڈی ایس این جی پر دہشتگردوں کا حملہ ،نوجوان کارکن جاں بحق

کراچی : نجی ٹی وی کی ڈی ایس این جی پر دہشتگردوں کا حملہ ،نوجوان کارکن جاں بحق
February 13, 2017
  کرا چی(92نیوز)کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں دہشت گردوں نے سماء ٹی وی کی ڈی ایس این جی وین پر فائرنگ کردی ۔ جس سے بائیس سالہ نوجوان کارکن تیمور خان جاں بحق ہوگیا ڈی ایس این جی ٹیم سخی حسن کے قریب پولیس موبائل پر کریکر حملے کی کوریج کے لیے جارہی تھی ۔ تفصیلات کےمطابق کراچی کے ضلع وسطی میں دہشت گردی ،نارتھ ناظم آباد کی سخی حسن کے قریب نامعلوم دہشت گردوں پولیس کی بکتر بند گاڑی پر کریکر حملہ کیا،اہلکار محفوظ رہے البتہ  گاڑی کو معمولی نقصان ہوا۔ کچھ ہی دیر بعد جائے واردات کے قریب ہی کے ڈی اے چورنگی کا علاقہ فائرنگ سے گونج اٹھا ۔ دہشت گردوں نے اس بار نشانہ بنایا تھا ۔ سماء ٹی وی کی ڈی ایس این جی وین کو  جو پولیس  پر کریکر حملے کی رپورٹنگ کیلئے جارہی تھی ۔ عینی شاہدین کے مطابق سماء ٹی وی کی ڈی ایس این جی وین کو حیدری مارکیٹ کے بالکل سامنے نشانہ بنایا گیا ۔ جس کے قریب ہی اندرونی گلی میں علاقہ پولیس اسٹیشن ہے ۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے دس سے بارہ گولیاں فائر کیں جن میں سے ایک وین کی پچھلی نشست پر بیٹھے  ڈی ایس این جی اسسٹنٹ تیمورخان کی گردن کو چیرتے ہوئے گزرگئی  22 سالہ نوجوان  شدید زخمی ہوا جسے فوری طور پر عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا مقتول تیمور خان  دو بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا ۔ ڈی ایس این میں موجود دیگر عملہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا ۔ عباسی شہید اسپتال میں ڈی ایس این جی وین ۔ کا فارنزک معائنہ کیا گیا ۔ گاڑی سے  نائن ایم ایم پستول کے سات خول ملے دوسری جانب ایک بار پھر وزیر اعلیٰ نے نوٹس لیا واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے  آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ۔