Wednesday, September 28, 2022

کراچی میں ہر صورت امن قائم کریں گے : سیاسی اور عسکری قیادت پرعزم

کراچی میں ہر صورت امن قائم کریں گے : سیاسی اور عسکری قیادت پرعزم
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی۔ سیاسی و عسکری قیادت نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے پر اتفاق کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت ملکی سلامتی کی صورتحال پر اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان‘ وزیر خزانہ اسحاق ڈار، قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ، مشیر خارجہ سرتاج عزیز‘ طارق فاطمی سمیت اعلی حکام نے شرکت کی۔ ناصر جنجوعہ نے پاک بھارت قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان ہونے والی ملاقات پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے ایجنڈے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں افغان صدر اشرف غنی کے دورہ پاکستان سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔ بعدازاں وزیر اعظم اور آرمی چیف کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ بلوچستان میں قیام امن اور افغانستان میں مفاہمتی عمل کو جاری رکھنے کے لیے کردار ادا کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ خطے میں قیام امن کے لیے افغانستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بھی فروغ دینے پر بات کی گئی۔