Friday, February 3, 2023

کراچی میں گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے گھریلو صارفین شدید مشکلات کا شکار

کراچی میں گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے گھریلو صارفین شدید مشکلات کا شکار

کراچی (92 نیوز) کراچی میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا، پوش علاقوں کے حالات بھی مختلف نہیں ہیں۔ کراچی کے علاقے ایف بی ایریا میں گزشتہ بیس روز سے گیس آہی نہیں رہی۔

کراچی کے پوش علاقہ ایف بی ایریا بلاک فور میں کہیں ایل پی جی سلنڈر، کہیں مٹی کے چولہے جلائے جانے لگے۔ جہاں 20 روز سے گیس کی بندش کے باعث مکین انتہائی ازیت کا شکار ہیں۔

ایل پی جی سلنڈر کے استعمال سے لوگ ڈرتے بھی ہیں لیکن یہ اِن کے لیے ناگزیر ہوگیا ہے۔

خواتین کا کہنا ہے کہ کھانا ایک کے بجائے 4 گھنٹے میں پکتا ہے جبکہ بیشتر لوگوں کے گھر روٹیاں باہر سے ہی منگوائی جاتی ہیں۔

یہیں ایک بزرگ شہری بھی ہیں جنہوں نے مٹی کا چولہا آج سے 25 سال قبل شو پیز کے طور پر خریدا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ اِنہیں نہیں معلوم تھا کہ اتنے برسوں بعد استعمال بھی کرنا پڑے گا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بلوں کی وقت پر ادائیگی سمیت وہ تمام ٹیکسز ادا کرتے ہیں پھر بھی پانی، بجلی اور گیس جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہی رہتے ہیں، مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گیس بحال کرائی جائے۔