Tuesday, January 25, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

کراچی میں کورونا سے متاثر ایک اور ڈاکٹر جان کی بازی ہار گیا

کراچی میں کورونا سے متاثر ایک اور ڈاکٹر جان کی بازی ہار گیا
May 4, 2020

کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں کورونا سے متاثرہ ایک اور ڈاکٹر جان کی بازی ہار گیا ، انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز کے سابق ریڈیالوجسٹ ڈاکٹر فرقان نے خود کو گھر پر قرنطینہ کر لیا تھا۔

سندھ میں  صحت کے نظام  کی قلعی کھل گئی  ، ایمبولینس ملی نہ وینٹی لیٹر  ، کورونا سے متاثرہ ایک اور مسیحا  چل بسا ، مہلک وائرس میں مبتلا ادارہ امراض قلب کے سابق ریڈیالوجسٹ ڈاکٹر فرقان انتقال کر گئے،ڈاکٹر کو کراچی کے کسی سرکاری اسپتال  میں بروقت طبی امداد نہ مل سکی۔

ڈاکٹر فرقان  کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد گھر میں قرنطینہ تھے ، طبیعت زیادہ بگڑنے پر سانس لینے میں مشکلات کے باعث مختلف اسپتالوں میں لے جایا گیا لیکن  ان کو کوئی وینٹی لیٹر نہ مل سکا۔

سانس لینے میں شدید دشواری کے باوجود ڈاکٹر فرقان وینٹی لیٹر کیلئے تگ و دو کرتے رہے ،  ان کی موبائل فون پر آخری گفتگو کی ریکارڈنگ بھی سامنے آئی ہے جس میں وہ طبی سہولیات  نہ ملنے کا شکوہ کررہے ہیں۔

جنرل سیکرٹری پی ایم اے ڈاکٹر قیصر سجاد نے 92 نیوز سے  گفتگو میں کہا کہ وینٹی لیٹر نہ ملنے کی وجہ سے ڈاکٹر فرقان کو گھر آنا پڑا ، وہ التجائیں کرتے رہ گئے لیکن وینٹی لیٹر نہ ملا اور ان کا انتقال ہوگیا ۔

ڈاکٹر قیصر سجاد نے صوبائی حکومتوں سے مربوط نظام بنانے کا مطالبہ کیا ہے کہ مریض کو اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی وینٹی لیٹر کا بتا دیا جائے اور اسے اس اسپتال کا بتا دیا جائے جہاں وینٹی لیٹر ہے تاکہ مریض دربدر خوار نہ ہوں۔

ادھر،خیبرپختونخوا میں مزید 14 ڈاکٹرز کورونا وائرس سے متاثرہوئے جس کے بعد مجموعی تعداد 89 ہوگئی۔