کراچی (92 نیوز) کراچی میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کی سب سے بڑی تقریب مزار قائد پر ہوئی۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا اور قومی کرکٹ ٹیم کےسابق کپتان شاہد آفریدی سمیت ہزاروں افراد شریک ہوئے۔
شہریوں کی بہت بڑی تعداد کشمیر کا پرچیم تھامے تقریب میں شریک ہوئی۔ گورنر سندھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کشمیری عوام کےساتھ ہے۔ کشمیری عوام جلد آزاد فضاوں میں سانس لیں گے۔
وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا کہ کشمیر کی آزادی تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ امن کی پالیسی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ ہمیشہ کشمیر کے لئے آواز بلند کی۔ کشمیر ان کے لہو میں شامل ہے۔ دنیا مودی کو ہٹلر کے نام سے یاد رکھے گی۔
تقریب میں شریک شرکاء کا جذبہ بھی دیدنی تھا۔ سب نے ملکر دنیا کو پیغام دیا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔