کراچی ( 92 نیوز) کراچی کے علاقے ناظم آباد عید گاہ کے قریب موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا جب کہ جوابی کارروائی میں دو ڈاکو مارے گئے ۔
کراچی کے علاقے ناظم آباد میں پولیس اور ڈاکوؤں میں آمنا سامنا ہوگیا ، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید، جبکہ دو لٹیرے ہلاک ہوگئے ، ملزمان ایک شہری سے موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش کررہے تھے ۔۔ شہید اہلکار ذیشان حافظ قرآن تھا،تین ماہ بعد شادی ہونی تھی ، شہید اہلکار کی نمازجنازہ گارڈن ہیڈ کوارٹر میں ادا کی گئی ۔
شہید اہلکار کی میت گھر پہنچائی گئی تو ہر چہرہ افسردہ تھا، آنکھوں سے آنسو بہاتے اہلخانہ غم سے نڈھال تھے، علاقہ مکین تسلیاں دیتے رہے ۔شہید اہلکار ذیشان کی نمازجنازہ گارڈن ہیڈ کوارٹر میں ادا کی گئی جس میں ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت رینجرز اور پولیس کے افسران بھی شریک ہوئے ۔
مقابلے میں شہید اہلکار ذیشان کا نکاح ہوچکا تھا، اور 3 ماہ بعد سہرے کے پھول سجنے تھے ، رخصتی کے
انتظار میں بیٹھی سنبل اپنا گھر بسنے سے پہلے ہی اجڑنے پر غم کی تصویر بن گئی ۔
حافظ قرآن ذیشان کے والد کو اپنے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے ، واقعے کے فوری بعد کی ویڈیو بھی منظرعام پر آگئی جس میں ایک پولیس اہلکار مقابلے کے بعد ملزمان پر انتہائی قریب سے گولیاں برسارہا ہے ، اس دوران ایک ایمبولینس بھی قریب موجود ہے، جبکہ شہریوں کو بھی دیکھا جاسکتا ہے ۔