کراچی میں نیگلیریا نے ایک اور شخص کی جان لے لی
کراچی (92 نیوز) کراچی میں نیگلیریا نے ایک اور شخص کی جان لے لی۔ ڈیفنس کے رہائشی 30 سالہ ڈاکٹر ماجد حسین کئی روز سے نیگلیریا کا شکار تھے۔
کراچی میں نیگلیریا کے حملوں میں تیزی آنے لگی۔ ایک ہی روز میں بچے سمیت دو افراد دماغی جرثومہ کا شکار ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں شادمان ٹاؤن کے رہائشی آٹھ سالہ زوہیب اور ڈیفنس کے رہائشی تیس سالہ ڈاکٹر ماجد حسین شامل ہیں۔
اس سے پہلے یکم جولائی کو ابوالحسن اصفہانی روڈ کے رہائشی چالیس سالہ فیاض غوری کا نجی اسپتال میں انتقال ہوا تھا جبکہ اس سے پہلے بھی ایک شخص نیگلیریا کا شکار ہو کر انتقال کر چکا ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے اعداد و شمار کے مطابق رواں برس اب تک چار افراد دماغی جرثومہ کا شکار ہو چکے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق پانی کی کلورین کی کمی سے نیگلیریا جنم لیتا ہے۔
یہ جرثومہ ناک کےذریعے دماغ میں جا کر دماغ کو نقصان پہنچاتا ہے جس سے موت واقع ہو جاتی ہے۔ طبی ماہرین نےعوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے گھروں میں پانی کی ٹینکوں میں کلورین ضرور ڈالیں۔