کراچی(92نیوز)آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے الوداعی دوروں کا سلسلہ جاری، آرمی چیف نے کراچی کور اور سندھ رینجرز کے جوانوں سے خطاب کیا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کراچی میں زندگی لوٹ آئی، دشمن کو کراچی کی صورتحال خراب کرنے اور کامیابیوں کو زائل کرنے نہیں دیں گے۔
تفصیلات کےمطابق آر می چیف جنرل راحیل شریف کے الوداعی دوروں کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آج کراچی کا الوداعی دورہ کیا۔ انہوں نے کراچی کور اور سندھ رینجرز کے جوانوں سے خطاب کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ کراچی میں زندگی لوٹ آئی ہے، کاروباری سرگرمیوں کا آغاز قومی معیشت کی ترقی کا باعث ہے، دیرپا امن کے لئے صوبائی حکومت کیساتھ ملکر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے استحکام کی کاوشیں جاری رہیں گی۔
آرمی چیف نے اندرون سندھ اور کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری پر فوج اور رینجرز کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے بین الاقوامی سرحد پر کڑی نگرانی پر رینجرز اور فوج کی مستعدی کو سراہا۔ انہوں نے پاک فوج کے جوانوں اور افسران کو اعلی ترین پیشہ وارانہ معیار اپنانے پر مبارکباد دی۔ کراچی پہنچنے پو کور کمانڈر لیفٹنٹ جنرل نوید مختار نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔