Tuesday, April 30, 2024

کراچی میں زمینوں پر قبضہ کرنیوالی مافیا پھر بے لگام ہو گئی

کراچی میں زمینوں پر قبضہ کرنیوالی مافیا پھر بے لگام ہو گئی
July 15, 2020

کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں زمینوں پر قبضہ کرنے والی مافیا ایک بار پھر بے لگا ہونے لگی، خالدمعروف نامی مختیار کار اور کرپٹ پولیس اہلکاروں کی سرپرستی میں ابراہیم حیدری، شرافی گوٹھ اور مانسہرا کالونی  میں کروڑوں روپے کی سیکڑوں مربع گز اراضی پرقبضہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

کراچی میں قبضہ مافیا  ایک بار پھر قابو سے باہر ہو رہی ہے ، ابراہیم حیدری ،شرافی گوٹھ اور مانسہرا کالونی میں کروڑوں روپے کی سیکڑوں مربع گز اراضی پر قبضہ کرنے کا  انکشاف ہوا ہے ۔

ذرائع  کا دعویٰ ہے  قبضہ مافیا کو خالد معروف نامی  مختار کار  اور  کرپٹ پولیس آفسران کی مکمل سرپرستی حاصل  ہے اور  قبضہ مافیا  نے عدالتی احکامات کو نظرانداز کرتے ہوئے چائنا کٹنگ شروع  کردی ہے جبکہ متنازعہ اراضی پر چار دیواری بنا کر  گیٹ بھی نصب کر دیا گیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ اراضی کا کیس معزز عدالت میں زیر  سماعت ہے، اور عدالت نے حکم امتناع جاری کر کے  ہر قسم کی تعمیرات پر پابندی عائد کی ہوئی ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  سابق ایس پی ملیر طاہر احمد نورانی نے ماہ رمضان  میں بھی قبضہ مافیا کے سرغنہ سے مبینہ طور پر لاکھوں روپے رشوت کے بعد کروڑوں کی سرکاری اراضی پر چار دیواری بنانے کی اجازت دی تھی ، مگر  ڈی آئی جی ایسٹ نعمان صدیقی نے نوٹس لیتے ہوئے کام رکوادیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع ملیرسرکاری پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی جنت بن چکا ہے اور ان کیسز  میں ملوث سابق ڈپٹی کمشنر ملیر قاضی جان محمد اور مختیار کار عبد اللطیف بروہی، سمیت 7 ملزمان جیل میں ہیں  جبکہ  غیر قانونی الاٹمنٹ میں ملوث ملزم ارشاد علی نے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی تھی۔