کراچی میں بہتری آئی ،صفائی دیکھ کرخوش ہوا، چیف جسٹس
کراچی (92 نیوز) چیف جسٹس ثاقب نثار کراچی میں صفائی کے کام سے متاثر ہو گئے ۔ واٹر کمیشن کی سماعت کے دوران کہا کراچی میں بہتر آئی ہے۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں واٹرکمیشن کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کو کراچی پہلے سے مختلف نظر آیا ۔
چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا الحمد اللہ کراچی میں بہتری آئی ہے۔ صفائی دیکھ کر خوش ہوا اور کریڈٹ سندھ حکومت کو دے دیا ۔
جسٹس ثاقب نثار نے کہا برسات آنے والی ہے، بند نالوں کا کیا ہوا جس پر میئر کراچی نے بتایا کہ کام شروع ہو چکا ہے ، جلد ہی اثرات مرتب ہوں گے اور جلد ہی تمام نالے صاف کر دیئے جائیں گے ۔
چیف جسٹس نے کہا میری ریٹائرمنٹ کے بعد پتہ نہیں کیا ہو گا اور دسمبر 2018 تک تمام کام مکمل کر لیں ۔
چیف جسٹس سے تعریفیں سن کر کراچی کے سلطان وسیم اختر بھی خوش دکھائی دیئے ۔ چیف جسٹس نے کہا میئر صاحب، نالوں کا دورہ کب کرائیں گے جس پر میئر وسیم اختر بولے چیف جسٹس صاحب آپ جب چاہیں ۔ آپ آئندہ دورے پر آجائیں، ہم تیار ہیں ۔
چیف جسٹس نے کہا ٹھیک ہے آئندہ دورے پر خود نالوں کا دورہ کروں گا ۔