Sunday, October 2, 2022

کراچی میں ”برگر“ اور ”بن کباب“ کا غیرفطری اتحاد نہیں چلے گا: فاروق ستار

کراچی میں ”برگر“ اور ”بن کباب“ کا غیرفطری اتحاد نہیں چلے گا: فاروق ستار
کراچی (92نیوز) ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی میں برگر اور بن کباب کا غیرفطری انتخابی اتحاد نہیں چل سکے گا۔ شکست سے بچنے کے لئے پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانا چاہتی ہیں‘ ایم کیو ایم پہلے بھاگی تھی نہ اب بھاگے گی۔ تفصیلات کے مطابق 92 نیوز کے پروگرام ”زیر بحث“ میں گفتگو کے دوران فاروق ستار نے پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے اتحاد کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے غیر فطری قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتوں کا اتحاد ایم کیو ایم کے لئے زحمت نہیں رحمت ہے۔ یہ برگر اور بن کباب کا اتحاد ہے جو نہیں چل سکے گا۔ اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود کوشش کریں گے کہ مخالفین کو دس سے پندرہ فیصد نشستیں دے دیں۔ خیال رہے کہ بلدیاتی انتخابات کا وقت جوں جوں قریب آرہا ہے ایم کیوا یم اور حریف جماعتوں کے درمیان لفظی جنگ میں اضافہ ہو تا جا رہا ہے تاہم فیصلہ پانچ دسمبر کو عوام ہی کریں گے کہ کراچی کا تاج کس کے سر سجانا ہے۔