کراچی: معروف صوفی بزرگ حضرت عبداللہ شاہ غازی کے بارہ سو پچاسیویں عرس کی تقریبات جاری
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) کراچی میں معروف صوفی بزرگ حضرت عبداللہ شاہ غازی کے بارہ سو پچاسیویں عرس کی تقریبات جاری ہیں۔ ملک بھر سے زائرین کی بڑی تعداد جوق درجوق پہنچ رہی ہے۔ دھمالیں ڈالی جاری ہیں اور نعت خوانی وسماع کی محافل منعقد کی جا رہی ہیں۔
حضرت عبداللہ غازی کے بارہ سو پچاسی ویں عرس میں شرکت کے لیے ملک بھر سے سکون کے متلاشی، دل کی مرادیں پوری ہونے کی آس لیے جوق درجوق آ رہے ہیں۔
عرس کی تین روزہ تقریبات کے لیے مزار کو برقی قمقموں سے سجایا گیا۔ علماء کے مطابق حضرت عبداللہ شاہ غازی کی کرامات کا تذکرہ کئی مستند کتب میں ملتا ہے۔
درگاہ کے باہر ہی مزار پر چڑھانے کے لیے چادروں اور نذر نیاز کے لیے نکل دانوں کے اسٹال لگے ہیں۔ اس کے ساتھ مخیر حضرات کی جانب زائرین کے لیے لنگر کا بھی خاص اہتمام ہے۔