Monday, October 3, 2022

کراچی ، مدینہ کالونی سے 6سالہ بچہ اغوا،اہل علاقہ نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی

کراچی ، مدینہ کالونی سے 6سالہ بچہ اغوا،اہل علاقہ نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی
کراچی ( 92 نیوز ) کراچی میں بچوں کے اغوا کی وارداتیں بڑھنے لگیں ، مدینہ کالونی سے نامعلوم ملزمان نے 6 سالہ بچے کو اغوا کرلیا، واردات کے خلاف اہلخانہ اور علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی، جبکہ پولیس موبائل پر پتھراؤ بھی کیا۔ منگل کی دوپہر نیوکراچی مدینہ کالونی سے6سالہ حذیفہ اغواء ہوگیا ، پولیس کی جانب سے بچے کی بازیابی  میں ناکامی پر علاقہ مکینوں نے مشتعل ہوکر پولیس موبائل کا گھیراؤ کرکے احتجاج شروع کردیا ۔ اپنے لخت جگر کی جدائی میں بچے کی والدہ غم سے نڈھال ہیں ۔جبکہ بہن بھی بے بسی کی تصویر بنی ہوئی ہے  ۔ کئی گھنٹے  گذر جانے کے باوجود بھی بچے کا کوئی سراغ نہ ملا تو مظاہرین نے دکانیں بندکراکر سڑک پر آگ لگادی۔ پولیس کی جانب سے  مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی جب کہ رینجرز اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے ۔ حلقے سے منتخب رکن سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہنا تھا شہر میں کئی دنوں سے بچوں کے اغواء کی وارداتیں ہورہی ہیں مگر پولیس موثر کارروائیاں نہیں کررہی۔ خواجہ اظہار الحسن نے ڈی جی رینجرز سندھ اور کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ  سے بچوں کے اغواء کی وارداتوں کا نوٹس لینے کی بھی اپیل کی ۔