Saturday, July 27, 2024

کراچی ، مختلف علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے شہری اذیت کا شکار

کراچی ، مختلف علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے شہری اذیت کا شکار
March 30, 2018

 کراچی (92 نیوز) کراچی میں موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی لوڈ شیڈنگ کا جن بوتل سے باہر آ گیا ۔  مختلف علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے شہری اذیت کا شکار ہو گئے ۔

 بجلی کی طلب 2800 میگا واٹ جبکہ شارٹ فال 500 میگا واٹ تک پہنچ چکا ہے ۔ شارٹ فال کے باعث شہری 10 سے 12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا عذاب بھگتنے پر مجبور ہیں ۔

 نارتھ کراچی، نیو کراچی، بفرزون، بلدیہ، شاہ فیصل، ملیر، کورنگی، لانڈھی، نارتھ ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن، لائنز ایریا، سلطان آباد، گولیمار، منظور کالونی سمیت دیگرعلاقوں میں طویل لوڈ شیڈنگ شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ۔

 بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ بندش سے مختلف علاقوں کے مکینوں کو پانی کی قلت کا بھی سامنا ہے ۔

 ادھر بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے کاروبار بھی بری طرح متاثر ہونے لگا ۔

 لیاقت آباد میں گھنٹوں بجلی غائب لیکن بل اتنا کہ صارف کو بلڈ پریشر ہی ہائی ہو جائے ۔

 گلشن اقبال اور گلستان جوہر کی مارکیٹوں کی صورتحال بھی مختلف نہیں ۔

 دکاندار ہاتھ پر ہاتھ رکھے بیٹھے نظر آتےہیں ۔ دکانداروں نے کہا کہ بجلی ہو گی تو کاروبار چلے گا ۔

 دکانداروں نے مطالبہ کیا کہ مارکیٹوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے ۔