Saturday, July 27, 2024

کراچی : محکمہ انسداد دہشت گردی کے آپریشن میں 2دہشت گرد ہلاک

کراچی : محکمہ انسداد دہشت گردی کے آپریشن میں 2دہشت گرد ہلاک
March 13, 2016
کراچی (92نیوز) صوبائی دارالحکومت کے علاقے قائد آباد میں کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی کارروائی میں دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ دہشت گردوں کے سر کی قیمت 55 لاکھ روپے مقرر تھی۔ تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے قائد آباد میں واقع عمارت پر چھاپہ مارا تو دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی فائرنگ میں دو دہشت گرد مارے گئے۔ ذرائع کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں میں ارشد اور عمیر شامل ہیں۔ انتہائی مطوب دہشت گرد ارشد کے سر کی قیمت 50 لاکھ اور عمیر کی 5 لاکھ مقرر تھی۔ ہلاک ملزم ارشد ماضی میں کالعدم لشکر محمدی کا رکن بھی رہا ہے۔ ملزمان دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشت گرد شہر میں بڑی تخریب کاری کا منصوبہ بنا رہے تھے جبکہ ان کے قبضے سے خود کار ہتھیار اور دستی بم بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق دہشت گردوں کی نگرانی کئی دن سے جاری تھی جبکہ ان کے ٹیلیفون بھی ٹریس کیے جا رہے تھے۔ دہشت گردوں کی لاشیں اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں جبکہ برآمد ہونے والا اسلحہ فرانزک جانچ کے لیے بھیجا جائے گا۔ دریں اثنا شہر کے علاقے سو کوارٹر میں ایک مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔