کراچی : لیاری گینگ وار کے اہم کردار بابا لاڈلا کی زندگی کے چشم کشا پہلو

کراچی(92نیوز)کراچی میں جرائم پیشہ عناصر میں بڑا نام اور لیاری گینگ وار کے اہم کردار بابا لاڈلا کے مرنے کی افواہیں اس سے قبل بھی گردش کرتی رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں خوف اور دہشت کی علامت سمجھے جانے والے گینگ وار کمانڈر بابا لاڈلا کا اصل نام نور محمد تھا،، بابا لاڈلا عزیر بلوچ گروپ کا عسکری کمانڈر تھا اور پولیس کو قتل، مقابلوں، بم دہماکوں، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان سمیت سنگین جرائم کی 100 سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھا،،اپنے سردار عزیرخان بلوچ سے اختلافات کے بعد بابا لاڈلا نے لیاری کے 15 کمانڈروں کے ساتھ عزیر کے خلاف اعلان جنگ کر رکھا تھا،بابا لاڈلا اور عزیر بلوچ کے اختلافات کالعدم پیپلز امن کمیٹی کے مرکزی کردار ظفر بلوچ کی ہلاکت کے بعد شروع ہوئے۔
کراچی میں شہید ایس پی چوہدری اسلم کی جانب سے لیاری میں کیئے جانے والے آپریشن میں بھی بابا لاڈلا کو پولیس کے خلاف سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا گیا تھا۔
سی جی ون ٹو فائیو موٹر سائیکل، سر پر ٹوپی اور کاندھے پر ایم 16 رائفل،،بابا لاڈلا کی پہچان تھی ۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق بابا لاڈلا کے بلوچ علیحدگی پسندوں اور کالعدم لشکر جھنگوی سے بھی گہرے تعلقات تھے۔
کراچی آپریشن میں رینجرز کے پے در پے چھاپوں کے بعد گرفتاری کے خوف سے بابا لاڈلا لیاری سے فرار ہو گیا اور غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق اس نے روپوش ہونے کے لیئے ایران میں موجود اپنے ہمدردوں کے پاس پناہ حاصل کی۔