Tuesday, November 28, 2023

کراچی، لاہور، اسلام آباد سٹاک ایکسچینج کے انضمام سے پاکستان سٹاک ایکسچینج وجود میں آ گئی

کراچی، لاہور، اسلام آباد سٹاک ایکسچینج کے انضمام سے پاکستان سٹاک ایکسچینج وجود میں آ گئی
August 27, 2015
اسلام آباد (92نیوز) ملک کی تینوں سٹاک ایکسچینج کو ضم کرکے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے قیام کے معاہدے پر دستخط کردیے گئے۔ وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ سٹاک ایکسچینج کی موجودہ صورتحال پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر مضبوط ہیں، اگلا ہدف مارکیٹ میں بے ضابطگیاں کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہے۔ تفصیلات کے مطابق تینوں سٹاک ایکسچینج کے انضمام کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان سٹاک ایکسچینج کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ انضمام کے بعد تینوں اسٹاک یکسچینج اب پاکستان سٹاک ایکسچینج کہلائیں گی جوعالمی معیارکا ہونے کے ساتھ انٹرنیشنل کیپٹل مارکیٹ میں نیا مقام پیدا کرےگی جبکہ پاکستان ابھرتی معیشت ہے اورامید ہے جلد اچھے نتائج ملیں گے۔