Sunday, December 4, 2022

کراچی: لانڈھی فیکٹری میں لگی آگ 20گھنٹے بعد بجھ گئی

کراچی: لانڈھی فیکٹری میں لگی آگ 20گھنٹے بعد بجھ گئی

کراچی (92نیوز) کراچی کے علاقے لانڈھی میں قائم فیکٹری میں لگنے والی آگ بیس گھنٹے بعد خود ہی ٹھنڈی ہوگئی، آتشزدگی کے باعث کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ لانڈھی میں کپڑے کی فیکٹری میں جمعہ کی دوپہر اچانک آگ لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرگئی۔ شام ہوئی پھر رات گئے تک شعلے بلند ہوتے رہے۔ شہر بھر کے فائر ٹینڈرز اور عملہ آگ بجھانے میں مصروف رہا۔

فیکٹری انتظامیہ کا دعویٰ تھا کہ تمام حفاظتی انتظامات مکمل تھے اور ملازمین بھی آگ بجھانے کی تربیت رکھتے تھے جنہوں نے کوشش کی لیکن کچھ کر نہ پائے۔ فائربریگیڈ کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کی اطلاع تاخیر سے ملی جس کے باعث آگ بے قابو ہوئی۔

فیکٹری میں آگ بجھانے کے آلات بھی موجود نہیں تھے۔ بارہ فائر ٹینڈرز اور ایک اسنارکل کی مدد سے اٹھارہ گھنٹے بعد آگ پر قابو پالیا گیا تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے۔ فائر بریگیڈ کے مطابق آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔