Friday, January 27, 2023

کراچی ، شارع فیصل پر سپراسٹورمیں آتشزدگی سے لاکھوں کا سامان خاکستر

کراچی ، شارع فیصل پر سپراسٹورمیں آتشزدگی سے لاکھوں کا سامان خاکستر
کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں شارع فیصل پر سپر اسٹور میں خوفناک آتشزدگی نے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جلاکر راکھ کردیا ، ساڑھے 7گھنٹے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ کراچی میں آتشزدگی کے ایک اور واقعے نے محکمہ فائر بریگیڈ کی صلاحیت کا پول کھول کر رکھ دیا ، شارع فیصل پر عوامی مرکز میں قائم سُپر اسٹور کو شعلوں نے لپیٹ میں لے لیا  جب کہ فائر بریگیڈ  کا عملہ قریب ساڑھے 7گھنٹے بعد  آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہوا۔ آگ کی اطلاع پر 3 فائرٹینڈر آگ بجھانے پہنچے  ، آتشزدگی کی شدت کے باعث مزید 3 فائرٹینڈرز کو بلانا پڑا  مگر دھویں کے بادلوں نے عملے کو کام نہ کرنے دیا  جس سے فائربریگیڈ عملے کو شدید مشکلات کا سامنا رہا  اور آگ تک رسائی کیلئے سخت جدو جہد کرنی پڑی ۔ آگ کی شدت بڑھی تو واٹر بورڈ کے 2 ٹینکرز بھی پانی لیکر پہنچے  ، جبکہ فائربریگیڈ کا باؤزر بھی پہنچایا گیا، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پاک بحریہ سے بھی امداد طلب کی گئی ۔