کراچی : سیاسی جماعتوں اور عوام نے نئے آرمی چیف کی تقرری کو سراہا

کراچی(92نیوز)کراچی میں سیاسی جماعتوں اور عوام نے نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی تقرری کا خیر مقدم کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ جنرل راحیل شریف نے مسلح افواج کے وقار میں اضافہ کیا ۔ امید ہے نئے سپہ سالار بھی ان کے مشن کو جاری رکھیں گے ۔
تفصیلات کےمطابق کراچی میں سیاسی جماعتوں اورعوام نے نئے سپہ سالار کو خوش آمدید کہا ہے اور جنرل راحیل شریف کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے قائد فاروق ستارنے نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو مبارکباد دی ۔ ان کا کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف نے مدت ملازمت میں توسیع نہ لے کراپنا اور افواج پاکستان کا وقار بلند کیا ۔ ادھر عوام نے بھی اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ جنرل راحیل شریف کے مشن کو جاری رکھیں گے ۔
دوسری جانب پی ایس پی کے چیئر مین سید مصطفیٰ کمال نے بھی جنرل قمرجاوید باجوہ کا خیر مقدم کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ جنرل باجوہ کا وسیع تجربہ اوراہلیت ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت میں مددگار ثابت ہوگا انہوں نے جنرل زبیرمحمود حیات کو چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف مقرر ہونے پر مبارکباد دی ۔