Tuesday, January 18, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

کراچی: سپر ہائی وے پر آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی، 2افراد جاں بحق، 10زخمی

کراچی: سپر ہائی وے پر آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی، 2افراد جاں بحق، 10زخمی
December 17, 2016

کراچی (92نیوز) سپر ہائی وے پر نوری آباد کے قریب آئل ٹینکر میں لگنے والی آگ سے جھلس کر دو افراد جاں بحق، دس زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سے تقریبا 80 کلومیٹر دور سپر ہائی وے پر متبادل راستے سے گزرتے ہوئے توازن برقرار نہ رکھتے ہوئے آئل ٹینکر نیچے گرگیا۔ ٹینکر کے ڈرائیور نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انجن کے حصےکو ٹینکر سے الگ کر دیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موبائل اور علاقے کے لوگ موقع پر پہنچے اور ٹینکر میں سے پیٹرول نکالنے کی کوشش کی۔

اسی دوران ٹینکر میں دھماکا ہو گیا۔ آتش زدگی کے باعث دو افراد جاں بحق اور دو پولیس اہل کاروں سمیت دس افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں 30 سالہ گل حسن، 18 سالہ رونق، 19 سالہ پرویز، 20 سالہ ولی محمد، 16 سالہ شیر حسین، 18 سالہ زاہد، 45 سالہ اللہ رکھا، 50 سالہ اللہ داد اور 45 سالہ محمد اسلم شامل ہیں جن میں سے بیشتر کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایس ایس پی جام شورو طارق ولایت کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ڈرائیور نے علاقہ کے لوگوں سے کہا کہ ٹینکر سے آئل نکال دیں جس پر ان کو مزدوری دی جائے گی۔ اس دوران حادثہ پیش آیا اور ہمارے دو نوجوان بھی زخمی ہوئے۔

ادھر علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پولیس اور سرکاری امدادی ٹیمیں تاخیر سے پہنچیں جس کے باعث جانی نقصان زیادہ ہوا۔ علاقہ مکینوں کا دعویٰ ہے کہ ٹینکر کے نیچے ٹنل میں ابھی بھی چند افراد موجود ہیں جن کی ابھی تک کوئی خبر نہیں۔