کراچی: سول ایوی ایشن کی جانب سے پی آئی اے کے دو پائلٹوں کا لائسنس معطل، پائلٹوں کا احتجاج، اکیس پروازیں منسوخ
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) سول ایوی ایشن کی جانب سے پی آئی اے کے دو پائلٹوں کا لائسنس معطل کرنے کے بعد ایک نیا تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ پائلٹوں کی جانب سے احتجاجاً پروازیں نہ چلانے کے باعث پی آئی اے کو اکیس پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔
پی آئی اے کے دو پائلٹوں کیپٹن کلیم اور کیپٹن زاہد کے لائسنسز کی معطلی نے قومی ایئرلائن کو نئے بحران سے دوچار کر دیا۔ پالپا کے صدر کیپٹن عامر ہاشمی کے مطابق دونوں پائلٹؤں نے انتظامیہ کے اصرار پر پرواز آپریٹ کی جس پر سول ایوی ایشن نے غیرقانونی طور ان کے لائسنس معطل کر دیئے۔ پائلٹوں کی معطلی کے خلاف پائلٹوں نے احتجاجاً پروازیں چلانے سے انکار کر دیا جس کے بعد پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق پی آئی اے کو ایک سو پچیس سیکٹر پر پروازیں روانہ کرنا تھیں مگر پالپا کی وجہ سے اب تک اکیس پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔ کیپٹن کلیم اور کیپٹن زاہد کے لائسنسز سول ایوی ایشن نے منسوخ کیے ہیں۔ دونوں پائلٹس بغیر اجازت غیرقانونی طور پر فلائٹ لے کر گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ پالپا کی قیادت پی آئی اے انتظامیہ کو بلیک میل کر رہی ہے۔ پائلٹس کو دھمکیاں دیکر پرواز نہ چلانے پر اکسایا جا رہا ہے۔ پالپا کے دباؤ پر چودہ پائلٹس پروازیں اڑانے سے انکار کر چکے ہیں۔
دوسری جانب پالپا نے ممبر پائلٹس کو حج پروازیں ہر صورت آپریٹ کرنے کی ہدایت کر دی۔ ترجمان پالپا کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی نالائقی اور بے حسی کی سزا حجاج کرام کو نہیں ملنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ پروازیں پی آئی پالپا ورکنگ معاہدے کے اصولوں کے تحت چلائے۔ معاہدے کے خلاف پروازیں آپریٹ نہیں کی جائیں گی۔ پروازوں کی تاخیر اور منسوخی ناقص پلاننگ کے باعث ہوئی۔ انتظامیہ فلائٹ آپریشن میں اہل ڈائریکٹر اور شیڈولنگ میں قابل افسروں کا تقرر کرے۔