Saturday, September 21, 2024

کراچی : سمندری لہروں کا مقابلہ کرنیوالے جنگلات کا صفایا کر دیا گیا

کراچی : سمندری لہروں کا مقابلہ کرنیوالے جنگلات کا صفایا کر دیا گیا
October 5, 2015
کراچی (92نیوز) کراچی کو بحیرہ عرب کی پرجوش لہروں سے تحفظ دینے والے ساحلی جنگلات غیرقانونی کٹائی کے عمل کی بدولت خطرے کے دہانے تک پہنچ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کسی زمانے میں سندھ کی ساحلی پٹی پر تمر کے جنگلات چھ لاکھ ہیکٹر رقبے پر پھیلے ہوئے تھے مگر تیزی سے کٹائی کی وجہ سے اب یہ جنگلات صرف ایک لاکھ تیس ہزار ہیکٹر پر محدود ہو گئے ہیں۔ میٹھے اور کھارے پانی کے ملاپ سے پھلنے پھولنے والے ان درختوں کی کٹائی کی وجہ سے آبی حیات کی افزائش نسل متاثر ہورہی ہے۔ مقامی ماہی گیروں کا کہنا ہے کہ طوفانوں میں مینگروو کے جنگلات ان کی جائے پناہ ہوتے ہیں۔ پاکستان فشرفوک فورم کے رہنما کمال شاہ کا کہنا ہے کہ مینگروو کے جنگلات کی شکل میں قائم اس قدرتی رکاوٹ کے خاتمے سے کراچی شدید سمندری طوفان اور سونامی جیسے بڑے خطرات میں گھر جائے گا۔ ساحلی علاقوں کے مکین بھی تمر کے پتے مویشیوں کے لیے بطور چارہ جبکہ شاخیں بطور ایندھن استعمال کرتے ہیں۔ مینگروو کی کٹائی غیرقانونی ہے۔ قانون شکنی پر زیادہ سے زیادہ سزا صرف 36 ہزار روپے تک جرمانہ ہے۔