Saturday, July 27, 2024

کراچی : زیرزمین دفن گولیوں کا ’خزانہ‘ برآمد‘ ٹارگٹ کلر سمیت 14ملزم گرفتار

کراچی : زیرزمین دفن گولیوں کا ’خزانہ‘ برآمد‘ ٹارگٹ کلر سمیت 14ملزم گرفتار
August 10, 2016
کراچی (92نیوز) رینجرز نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے شہر کو بڑی تباہی سے بچالیا۔ ناظم آباد میں زیرزمین ستائیس بکسوں سے بڑی تعداد میں گولیاں برآمد کر لیں۔ شہر میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم اور ایم کیوایم کے ٹارگٹ کلر سمیت چودہ ملزم بھی گرفتار کرلیے گئے۔ پولیس نے تیسر ٹاون سے چالیس سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق خفیہ اطلاع پر رینجرز نے کراچی میں کارروائی کرکے بڑی تعداد میں گولیاں برآمد کر لیں۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ناظم آباد کی ایک عمارت میں زیر زمین 27 بکسوں میں ایس ایم جی رائفل کی گولیوں کو چھپایا گیا تھا۔ برآمد ہونے والے اسلحہ میں روسی ساختہ 7.62 ایم ایم کے 12 ہزار 600 راونڈ شامل ہیں۔ اسلحہ کو شہر میں بدامنی پھیلانے اور ٹارگٹ کلنگ میں استعمال کیا جانا تھا۔ دوسری طرف رینجرز کی کراچی میں ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ کارروائیاں لیاقت آباد، لیاری، گڈاپ، لانڈھی، شاہ فیصل اور گلبرگ میں کی گئیں جس کے دوران کالعدم تنظیم اور ایم کیوایم کے ٹارگٹ کلر سمیت چودہ ملزم گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ رینجرز نے شہری کی شکایت پر لیاقت آباد میں کارروائی کرتے ہوئے فہیم نامی بھتہ خور کو گرفتار کرلیا۔ ادھر پولیس نے تیسر ٹاون میں سرچ آپریشن کے دوران چالیس سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔