کراچی : رینجرز کے اختیارات کی مدت ختم ، توسیع نہ ہوسکی

کراچی(92نیوز)سندھ میں رینجرز کے اختیارات کی مدت آج ختم ہوگئی تاہم اس بار بھی سائیں سرکار کی جانب سے وزارت داخلہ کو توسیع کی سمری تاخیر کا شکار ہے۔
تفصیلات کےمطابق وزارت داخلہ نے سندھ حکومت کی درخواست پر رینجرز کے خصوصی اختیارات میں 3مئی کو 77روز کی توسیع کی تھی اینٹی ٹیریرزم ایکٹ 1997کی ذیلی دفعہ 3اور4کے تحت جاری نوٹیفیکیشن کے تحت رینجرز کو سندھ بھر میں دہشت گردی۔ ٹارگٹ کلنگ۔بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان جیسے سنگین جرائم کے خلاف کارروائی کا اختیار دیا گیا تھا اور ان اختیارات سے رینجرز نے بھر پور کارروائی کرتے ہوئے سینکڑوں جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا لیکن رینجرز کو حاصل خصوصی اختیارات کی مدت ختم ہونے اور توسیع کے نوٹیفیکیشن میں تاخیر سے ناصرف کراچی آپریشنز متاثر ہوسکتا ہے بلکہ چیف جسٹس کے بیٹے کے اغوا کا کیس اور امجد صابری قتل کی تحقیقات بھی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے کیونکہ ان دونوں ہائی پروفائل مقدمات میں رینجرز کو اہم پیشرفت ہوئی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی وزارت داخلہ کو سندھ سے توسیع کی سمری موصول نہیں ہوئی۔ سمری ملتے ہی رینجرز اختیارات میں توسیع کا نیٹیفیکشن جاری کردیا جائے گا۔