Tuesday, October 4, 2022

کراچی : رینجرز کا خفیہ اطلاع پر خدمت خلق فاﺅنڈیشن کے دفتر پر چھاپہ

کراچی : رینجرز کا خفیہ اطلاع پر خدمت خلق فاﺅنڈیشن کے دفتر پر چھاپہ
کراچی (92نیوز) کراچی میں رینجرز نے خفیہ اطلاع پر خدمت خلق فاونڈیشن کے دفتر پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران اطراف کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کردیا گیا۔ ادھر فائرنگ کے واقعات میں دو افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کی رات خفیہ اطلاع پر رینجرز نے کراچی میں خدمت خلق فاونڈیشن کے دفتر کا محاصرہ کیا۔ کارروائی کے دوران فیڈرل بی ایریا کے بلاک چودہ میں مخصوص علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کردیا۔ ذرائع کے مطابق رینجرز نے کے کے ایف کے دفتر کی تلاشی لی تاہم کچھ دیر کی تلاشی کے بعد رینجرز نے آپریشن ختم کر دیا۔ ادھر فائرنگ کے واقعات میں دو افراد زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب ڈاکس پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم وحید کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث تھا جس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ ایک اور کارروائی میں پولیس نے بلدیہ ٹاون سے پولیس موبائل سے مشابہت رکھنے والی گاڑی پکڑلی۔ کارروائی میں پانچ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔