Tuesday, October 4, 2022

کراچی بلدیاتی انتخابات ، پیپلزپارٹی کی شہرقائد میں ریلی ،بھرپور سیاسی طاقت کا مظاہرہ

کراچی بلدیاتی انتخابات ، پیپلزپارٹی کی شہرقائد میں ریلی ،بھرپور سیاسی طاقت کا مظاہرہ
کراچی(92نیوز)شہر قائد کے بلدیاتی الیکشن دنگل میں پیپلز پارٹی بھی کسی سیاسی جماعت سے پیچھے نہیں  رہی  پیپلز پارٹی نے  انتخابی ریلی نکالی اور بھرپور سیاسی طاقت کامظاہرہ کیا ریلی سے خطاب میں پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان کا کہنا تھا کہ سندھ  کے عوام نے کھلاڑی کو رد کر دیا ہے کراچی کو پٹواریوں اور کھلاڑیوں کے حوالے نہیں کر سکتے۔ تفصیلات کےمطابق بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کی گہما گہمی اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے شہر قائد میں  انتخابی معرکے کے لئے پیپلز پارٹی بھی ایڑی چوٹی کا  زور لگا رہی ہے۔ پیپلز پارٹی نے  انتخابی ریلی نکالی اور بھرپور سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا، ریلی بلاول ہاؤس چورنگی سے شروع ہو کر کیماڑی ،گلشن سکندر آباد سے  ہوتی ہوئی نیٹی جیٹی، ماڑی پور، مشرف کالونی اور مواچھ گوٹھ پر اختتام  پذیر ہوئی ریلی میں شریک پیپلز پارٹی کے جیالے اور جیالیاں  اپنے روایتی انداز میں نعرے لگاتے اور رقص کرتے رہے۔ ریلی کی قیادت کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام نے کھلاڑی کو رد کر دیا ہے جس کے باعث عمران خان بوکھلاہٹ کا شکار ہیں کراچی کو پٹواریوں اور کھلاڑیوں کے ہاتھوں میں نہیں دے سکتے   پیپلز پارٹی کے جیالے جانیں دینے کے لئے تیار ہیں۔ ریلی کے مختلف مقامات پر  پارٹی  کے دیگر رہنماؤں نے  بھی کارکنوں سے خطاب کیا اور اُن کا کہنا تھا کہ کراچی میں کوئی بھی آئے یا جائے پانچ دسمبر کو فتح کا دن  پیپلز پارٹی کا ہو گا ریلی میں سینیٹر سعید غنی ،شیری رحمان ، اخواند زادہ چٹان سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔