Thursday, December 9, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

کراچی بارش سے ڈوب گیا‘ کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں دس شہری جاں بحق

کراچی بارش سے ڈوب گیا‘ کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں دس شہری جاں بحق
August 6, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی میں ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ابررحمت زحمت بن گئی۔ برقی نظام درہم برہم۔ کرنٹ لگنے اور دیگر واقعات میں دس افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ اہم شاہراہیں اور سڑکیں تالابوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ واٹر بورڈ کی72 انچ قطر کی پائپ لائن پھٹنے سے شہر کو پانی کی سپلائی بھی بند ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اہم شاہراہوں اور سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہو گیا۔ حکومت اور شہری انتظامیہ کی نااہلی کے باعث باران رحمت زحمت بن گئی۔ شہرقائد میں کل سے جاری بارش کے دوران مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد دس ہو گئی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ثنا‘ عنایت امیر‘ عباس‘ فیصل‘ حیدر‘ اسامہ‘ جویریا اور حماد شامل ہیں جبکہ دیگر دو افراد کی شناخت نہ ہو سکی۔ وقفے وقفے سے جاری ہلکی اور تیز بارش کے باعث گھر سے دفتر جانے والے شہریوں کو اس وقت ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا جب منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوا۔ سڑکیں تالاب بنیں تو کئی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں خراب ہو گئیں۔ شہریوں کو گاڑیاں سڑکوں پر ہی چھوڑ کر جانا پڑا۔ بجلی غائب ہوئی‘ سڑکیں ڈوب گئیں‘ ٹریفک جام ہوا لیکن متعلقہ اداروں کو اپنی ذمے داری کو احساس تک نہ ہوا۔ کے ایم سی کا کوئی افسر یا اہلکار سڑکوں پر دکھائی نہیں دیا۔ بجلی کے بریک ڈاون کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی 72 انچ قطر کی پائپ لائن کی مرمت کا کام تاحال مکمل نہیں کیا جا سکا جس کی وجہ سے شہر کوپانی کی سپلائی بھی بدستور بند ہے لیکن کوئی پرسان حال نہیں۔