کراچی : ایک بار پھر سخت گرمی کی وارننگ‘ ایڈمنسٹریٹر نے ایمرجنسی نافذ کر دی
کراچی (92نیوز) کراچی میں ایک بار پھر سخت گرمی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ وارننگ کے بعد کراچی میں ایڈمنسٹریٹر نے ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے شہری ایک بار پھر ہوجائیں ہوشیار۔ محکمہ موسمیات نے ہیٹ سٹروک کا خطرہ پھر سے ظاہر کر دیا۔
موسمیات کے محکمے کی پیشگوئی کے مطابق آج سے شہر قائد کے باسی تین دن تک شدید گرمی کا سامنا کریں گے اور درجہ حرارت بیالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے بعد کراچی کی انتظامیہ بھی حرکت میں آگئی اور ایڈمنسٹریٹر کراچی نے شہر میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کردیا۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کراچی کے تمام اسپتالوں میں ڈاکٹر اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ بلدیہ کے تمام طبی مراکز کو بحال کر دیا ہے۔