Saturday, July 27, 2024

کراچی :اردو بازار مقابلے میں ہلاک دہشتگردوں کی شناخت ہو گئی

کراچی :اردو بازار مقابلے میں ہلاک دہشتگردوں کی شناخت ہو گئی
April 25, 2017
کراچی (92نیوز)کراچی اُردو بازار میں دہشت گردی کا بازار گرم کرنے والے ملک دشمنوں کو سکیورٹی اداروں نے ٹھکانے لگا دیا۔گزشتہ رات رینجرز کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے بارے میں چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں ۔ ہلاک ہونے والے چاروں دہشت گردوں کا تعلق جنداللہ تھا جن کی پہچان زاہد آفریدی، نعیم ، عبدالحمید کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ افشاں نام کی خاتون ان دہشت گردوں کی سہولت کار تھی  ۔ آئی ایس پی آر نے ان دہشت گردوں کے جرائم کے حوالے سے اہم انکشافات کئے ہیں۔ دہشتگرددوہزارپندرہ میں سینٹرل جیل میں کھدائی اورحملہ کرنے کی منصوبہ بندی  اور  ماڑی پورکے ایک بینک کے دوملازمین کے قتل میں ملوث  تھے۔ دہشت گردوں کی جرائم کی داستان یہیں ختم نہیں ہوتی بلکہ کئی بینک ڈکیتیوں سمیت مارچ دو ہزارپندرہ میں ایس ایس یوکی بس پردھماکے  اور سٹی کورٹ پرہینڈ گرنیڈ حملے میں بھی ملوث تھے ۔دہشتگرد ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے جن کا افغانستان آنا جانا بھی تھا۔راجہ عمر خطاب کا کہنا ہے دہشت گرد بہت تربیت یافتہ تھے جنہوں نے گھیرا تنگ ہونے پر خود کو دھماکے سے اُڑا لیا۔ دہشت گردوں کے خلاف رینجرز نے بڑی کارروائی چوبیس اپریل کو رات نو بج کر بیس منٹ پر شروع کی تو دہشت گردوں نے رینجرز پر فائرنگ کے ساتھ ساتھ تین ہینڈ گرنیڈ بھی پھینکے جس کے نتیجے میں رینجرز کے چار جوان زخمی ہوئے ۔تاہم تنگ گلیاں ہونے کے باوجود رینجرز نے کمال مہارت کے ساتھ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریش کیا جس پر وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے ڈی جی رینجرز  سے فون پر بات کرتے ہوئے اُنہیں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر مبارک باد دی۔