کراچی ائیرپورٹ پر نجی کمپنی کے طیارے کو اڑان بھرتے ہوئے حادثہ، تین افراد زخمی
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) صبح سویرے کراچی ائیرپورٹ سے نجی کمپنی کے طیارے نے اڑان بھرنے کی تیاری کی تو فنی خرابی کے باعث طیارہ اڑان بھرتے وقت رن وے پر گر گیا۔ حادثہ پیش آنے کے باعث طیارے میں سوار تین افراد زخمی ہو گئے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
سول ایوی ایشن حکام کے مطابق طیارہ کیونکہ مکمل اڑان نہیں بھر پایا تھا لہٰذا کوئی بڑا حادثہ پیش نہیں آیا۔ طیارے میں سوار افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ نجی کمپنی کا طیارہ کراچی سے بلوچستان جا رہا تھا۔ رن وے پر طیارہ گرنے سے پروازوں کی آمدورفت معطل ہو گئی ہے اور اس کی بحالی کے لئے سول ایوی ایشن انتظامیہ کی جانب سے کام جاری ہے۔
رن وے نمبر 25 ایل بند ہونے کے سبب اسلام آباد جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز بھی تاخیر کا شکارہوئی ہے۔ سول ایوی ایشن حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔