کراچی:سہراب گوٹھ پولیس مقابلےمیں جاں بحق نوجوان سپردخاک
کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں گزشتہ روز سہراب گوٹھ پولیس مقابلے کے دوران جاں بحق نوجوان کو مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا ، دوسری جانب میڈیکو لیگل رپورٹ کےمطابق مقتول کے زخم بڑے ہتھیار کے لگتے ہیں، جبکہ مقتول کو بائیں جانب اور کم فاصلے سے 2 گولیاں لگیں۔
سہراب گوٹھ کے قریب پولیس مقابلے کی زد میں آکر ہلاک ہونے والے نوجوان بلال کی نمازجنازہ ادا کردی گئی ، نمازجنازہ میں علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
دوسری جانب مقتول بلال کی میڈیکو لیگل رپورٹ بھی سامنے آگئی جس کے مطابق مقتول کوبڑے ہتھیارسے نشانہ بنایاگیا ، گولی پولیس کی لگی یا ملزمان کی، اس کا تعین نہیں ہوسکا ۔
مقتول طالبعلم کو ایک گولی بائیں بازو میں آر پار ہوئی جبکہ دوسری گولی بائیں بازو سے آر پار ہونے کے بعد سینے میں لگی ۔
واقعے میں ایک نوجوان زخمی بھی ہوا ، زخمی نوجوان کے بھائی نے فائرنگ کا الزام پولیس پر لگادیا ۔
پولیس کو جائے وقوعہ سے مختلف اقسام کی گولیوں کے 9 خول ملے تھے ، جن میں سے 3 خول نائن ایم ایم، 4 تیس بور اور 2 ایس ایم جی کے ہیں ۔