Saturday, December 4, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

کثیر الملکی بحری مشق امن 2021 انٹر نیشنل فلیٹ ریویو کا شاندار اختتام

کثیر الملکی بحری مشق امن 2021 انٹر نیشنل فلیٹ ریویو کا شاندار اختتام
February 16, 2021

کراچی (92 نیوز) کثیر الملکی بحری مشق امن 2021 انٹر نیشنل فلیٹ ریویو کے شاندار انعقاد کیساتھ ختم ہوگئی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی مہمان خصوصی تھے۔ 

مشق امن کے سلسلے میں صدر پاکستان کی پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس معاون آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اِن کا استقبال کیا۔ بحری اُمور کے وفاقی وزیر، دفاعی پیداوار کی وفاقی وزیر، وزیر اعلیٰ سندھ ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی،پاک آرمی کے سربراہ اورپاک فضائیہ کے سربراہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس موقع پر مختلف ممالک کے سفیر، ہائی کمشنرز، اعلیٰ عسکری افسران اور دفاعی و نیول اتاشی بھی انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کی تقریب میں شریک تھے۔

انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے دوران صدر پاکستان نے مختلف پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مہارتوں کے مظاہر ے کو دیکھا ۔ فلیٹ ریویو کے دوران پاک بحریہ، پاک فضائیہ اور مشق میں شریک غیر ملکی فضائی طیاروں نے فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا جس کے بعد مشق میں حصہ لینے والے بحری جہازوں اور آفیسرز وجوانوں نے صدر پاکستان کو سلامی پیش کی۔

بحری افواج کے جہازوں کی جانب سے اتحاد اور مشترکہ عزم کی علامت کے طور پربنائی جانے والی روایتی ’امن فارمیشن‘ کے ساتھ مشق اختتام پذیر ہوئی۔

صدر عارف علوی نے کثیرالملکی بحری مشق امن 2021ء کے کامیاب انعقاد اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے سلسلے میں پاکستان کے صمیم عزم کے اعادہ پر پاکستان نیوی کو مبارک باد پیش کی اور مشق میں شریک علاقائی اور عالمی بحری افواج کا شکر یہ ادا کیا جنہوں نے عالمی وبا کووِیڈ- 19 کے باوجود مشق میں شرکت سے مشترکہ میری ٹائم سکیورٹی کے ضمن میں اپنے عزم کا بھرپور اظہار کیا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ مشق امن-21 تمام شراکت داروں کی مشترکہ کاوشوں سے خطہ کو پرامن بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

پاک بحریہ کے سربراہ نے انٹر نیشنل فلیٹ ریویو میں شرکت پر صدر پاکستان سے اظہارِ تشکر کیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کو مضبوط بنانے میں انفرادی طور پر اور اتحادی بحری افواج کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

مشق امن – 21 میں تقریباً 45 ممالک نے بحری جنگی جہازوں، ایئر کرافٹ، اسپیشل آپریشن فورسز اور مندوبین کی کثیر تعداد کے ساتھ شرکت کی۔