کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کیلئے عمران خان ریٹرننگ آفیسر کے سامنے پیش نہ ہوئے
اسلام آباد ( 92 نیوز) عام انتخابات 2018 کیلئے حلقہ این اے 53 اور 131 کیلئے عمران خان کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کیلئے آج ریٹرننگ افسر نے طلب کیا تھا مگر کپتان ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش نہ ہوئے ۔
کپتان کی نمائندگی انکےوکیل بابراعوان کے معاون رائے تجمل نے کی،معاون وکیل نے بتایا کہ بابر اعوان لاہور میں مصروف ہیں آج پیش نہیں ہو سکتے ، رائے تجمل نے ریٹرننگ افسر سے کل تک کیلئے مہلت مانگ لی ، ، تاہم عمران خان کیخلاف دائر اعتراضات پر سماعت ہوئی۔
اعتراض کنندہ عبدالوہاب بلوچ کے وکیل شیخ احسن الدین نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ امریکی عدالت نے سیتا وائٹ کیس میں عمران خان کیخلاف فیصلہ دیا، عدالتی فیصلے کےمطابق ٹیریان عمران خان کی بیٹی ہیں، عمران خان نے کبھی اپنی بیٹی کو پاکستان میں تسلیم نہیں کیا، آئین کے مطابق رکن اسمبلی کیلئے باکردار ہونا لازمی ہے۔
ریٹرننگ افسر نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور عائشہ گلالئی کو بھی طلب کیا تھا مگر وہ دونوں بھی ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش نہ ہو ئے ۔