Friday, September 13, 2024

کاشتکاروں کا گنے کا ریٹ 230 روپے فی من مقرر کرنے کا مطالبہ

کاشتکاروں کا گنے کا ریٹ 230 روپے فی من مقرر کرنے کا مطالبہ
October 4, 2015
حیدرآباد (92نیوز) پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی نواب یوسف تالپور اور گنے کے کاشتکاروں نے سندھ حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ گنے کا ریٹ 230 روپے فی من مقرر کیا جائے اور 12 اکتوبر سے کرشنگ سیزن کا آغاز کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی نواب یوسف تالپور نے سندھ آبادگار بورڈ کے رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنی ہی صوبائی حکومت کو کاشتکاروں کے ساتھ زیادتی کا مرتکب قرار دے دیا۔ نواب یوسف تالپور کا کہنا تھا کہ پچھلے سال گنے کے کاشتکاروں کے ساتھہ شوگر مل مالکان نے زیادتی کی لیکن صوبائی حکومت خاموش تماشائی بنی رہی۔ گنے کے جو ریٹ مقرر کئے گئے وہ بھی کاشتکاروں کو پورے نہیں ملے۔ اب رواں سال بھی گنے کی فی من قیمت 160 روپے مقرر کی گئی ہے جسے تمام کاشتکاروں نے مسترد کردیا ہے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما نواب یوسف تالپور نے جہاں سندھ حکومت پر تنقید کی وہیں گنے کے کاشتکاروں کے لئے وزیر اعلی پنجاب کے اقدامات کی تعریف بھی کی۔ پریس کانفرنس میں گنے کے کاشت کاروں نے متفقہ طور پر مطالبہ کیا کہ سندھ میں کرشنگ سیزن کا آغاز 12 اکتوبر سے کیا جائے اور گنے کا ریٹ 230 روپے فی من مقرر کیا جائے۔