Saturday, January 22, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

کاروبار بند ہونے سے بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے، اسٹیٹ بینک

کاروبار بند ہونے سے بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے، اسٹیٹ بینک
June 1, 2020
کراچی (92 نیوز) کورونا وائرس نے پاکستان کی معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق کاروبار بند ہونے سے بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ حالات ایسے ہی رہے تو روپے کی قدر اور زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی آسکتی ہے ۔۔ مرکزی بینک نے خبردار کردیا کہ معاشی ترقی کی شرح اور بجٹ متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ کورونا وائرس کے باعث قرضوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ کورونا وائرس کے انسانوں کے ساتھ معیشت پر بھی حملے جاری ہیں۔ اسٹیٹ بینک نے وائرس کے اثرات پر رپورٹ جاری کردی۔ عالمی وباء نے تجارت، ترسیلات زر، سرمایہ کاری اور مقامی سطح پر کاروباری سرگرمیوں کو شدید متاثر کیا، جبکہ عوام کی قوت خرید میں کمی آئی ہے۔ مرکزی بینک کے کے مطابق معاشی سُست روی سے محصولات میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، اور لاک ڈاؤن کے باعث فیکٹریوں اور کاروباری طبقے کا کیش فلو متاثر ہوا ہے۔ یہی صورتحال رہی تو کئی کمپنیوں کا دیوالیہ نکل سکتا ہے، اگر ایسا ہوا تو بینکوں کی آمدنی بھی متاثر ہوگی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وباء سے پہلے معشیت میں بہتری آنا شروع ہوگئی تھی۔ درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافہ دیکھا جا رہا تھا۔ ریٹنگ ایجنسیوں نے بھی مستحکم رپورٹ دی تھی، جبکہ مالی سال 2020 کے آغاز پر محصولات اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا تھا۔ اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ صحت کے شعبے پر حکومتی اخراجات خطے کے دیگر ممالک سے کم ہیں، جبکہ پاکستان میں 10 میں سے 4 افراد غربت کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔