Saturday, July 27, 2024

کابینہ اجلاس: وفاقی وزرا‘ ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافہ

کابینہ اجلاس: وفاقی وزرا‘ ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافہ
November 23, 2016

اسلام آباد (92نیوز) ارکان پارلیمنٹ کی موجیں لگ گئیں۔ ڈیڑھ لاکھ تنخواہ ملے گی۔ چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی ڈھائی لاکھ جبکہ وفاقی وزراء2لاکھ اور وزرائے مملکت ایک لاکھ 80 ہزار روپے تنخواہ لیں گے۔ وفاقی کابینہ نے منظوری دیدی۔ اپوزیشن بھی فیصلے پر خوش ہے۔ خزانے پر سالانہ 40کروڑ کابوجھ پڑے گا۔

تفصیلات کے مطابق آج وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ 44ہزار تنخواہ لینے والے ارکان پارلیمنٹ کو اب ماہانہ ڈیڑھ لاکھ روپے تنخواہ ملے گی۔ چیئرمین سینٹ اور سپیکر قومی اسمبلی تو اس سے بھی اوپر یعنی پورے ڈھائی لاکھ روپے لیں گے۔ پہلے ان کی تنخواہ ایک لاکھ 19ہزار تھی۔ ڈپٹی چیئرمین اور ڈپٹی سپیکرکے بھی وارے نیارے۔ اب ایک لاکھ 10 ہزار نہیں ایک لاکھ 85ہزار ماہانہ ملیں گے۔

کابینہ نے وفاقی وزراءاو روزرائے مملکت پر بھی خوب دریادلی دکھائی۔ وفاقی وزراءکی تنخواہ ایک لاکھ 14 ہزار سے بڑھ کر 2لاکھ ہو گئی۔ وزرائے مملکت اب ایک لاکھ 6ہزار کے بجائے ایک لاکھ 80ہزار روپے تنخواہ لیں گے۔

ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہ میں اضافہ اس ماہ سے نہیں بلکہ گزشتہ مہینے یکم اکتوبر سے ہو گا یعنی ایک ٹکٹ میں دو مزے۔ اس اضافے کا بوجھ بھی بیچارے عوام ہی اٹھائیں گے کیونکہ انہی کے ٹیکسوں سے ہی تو ارکان پارلیمنٹ کو تنخواہ ملتی ہے۔