Sunday, November 28, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

کابل دھماکے کے بعد ایئرپورٹ پر ایک بار پھر انخلاء کا آپریشن بحال

کابل دھماکے کے بعد ایئرپورٹ پر ایک بار پھر انخلاء کا آپریشن بحال
August 27, 2021 --- ویب ڈیسک

کابل (92 نیوز) افغانستان میں گزشتہ روز کابل میں ہونے والے دھماکے کے بعد ایئرپورٹ پر ایک بار پھر انخلاء کا آپریشن بحال کردیا گیا۔

افغان درالحکومت کابل میں دھماکوں کے بعد فضا سوگوار ہے، 13 امریکی فوجی، خواتین اور بچوں سمیت 103 افراد ہلاک ہوئے۔

کابل میں دھماکوں کے بعد ایک بار پھر فلائٹ آپریشن بحال کردیا گیا، دہشت گردی کے واقعہ کے باوجود ایئرپورٹ کے گرد بڑی تعداد میں انخلاء کے منتظر شہری موجود ہیں۔

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ائیرپورٹ پر ہوئے دھماکوں کی تحقیقات کے لیے طالبان نے کمیٹی قائم کردی۔

دھماکوں کے بعد بائیڈن انتظامیہ سخت مشکلات سے دوچار ہے، متعدد ری پبلکن رہنماؤں نے صدر جوبائیڈن سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ہے، تاہم امریکا کے مطابق دھماکوں میں طالبان اور داعش کے گٹھ جوڑ کے شواہد نہیں ملے۔

سینٹ کام کے سربراہ جنرل کینتھ کےمیکنزی نے مزید حملوں کا خدشہ ظاہر کیا، جبکہ وائٹ ہاؤس کے مطابق 31 اگست تک انخلاء کے خواہش مند تمام افغان شہریوں کو نکالنا ممکن نہیں۔

ادھر برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے انخلا کے مشن کو جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ، سعودی عرب، چین، برطانیہ، جرمنی، اٹلی، اسپین اور فرانس سمیت کئی ممالک نے کابل ایئرپورٹ دھماکوں کی مذمت کی۔ صورتحال پر غور کے لیے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کا اجلاس بھی بلالیا ہے۔