Friday, September 20, 2024

کابل : آرمی چیف کی اشرف غنی سے ملاقات ،افغان مصالحتی عمل اور بارڈر مینجمنٹ کے امور پر تبادلہ خیال

کابل : آرمی چیف کی اشرف غنی سے ملاقات ،افغان مصالحتی عمل اور بارڈر مینجمنٹ کے امور پر تبادلہ خیال
March 2, 2016
کابل(92نیوز)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے تاجکستان سے واپسی پر افغانستان کا مختصر دورہ کیا اور افغان صدر اشرف غنی اور اعلیٰ امریکی حکام سے الگ الگ ملاقاتیں کیں،ملاقاتوں میں افغان مصالحتی عمل اور پاک افغان بارڈر مینجمنٹ کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ تفصیلات کےمطابق آرمی  چیف جنرل راحیل شریف نے تاجکستان سے واپسی پر افغانستان میں موجود امریکی فوج کی کمان کی تبدیلی کی تقریب میں شرکت کے لئے افغانستان کا مختصر دورہ کیا ، دورے کے دوران آرمی چیف نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی ، ملاقات میں سکیورٹی کے حوالے سے خطے کی صورتحال، افغان مصالحتی عمل اور پاک افغان بارڈر مینجمنٹ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں شوال آپریشن کی وجہ سے دہشتگردوں کی افغانستان بھاگنے کی کوششوں اور ان کو افغانستان آنے سے روکنے کے حوالے سے بات چیت کی گئی، آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں افغان مصالحتی عمل اور اس کے ممکنہ طور پر مثبت نتائج پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس موقع پر آرمی چیف نے افغان صدر کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ افغان صدر نے دہشتگردی کے خلاف جنگ اور خطے میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کے کردار کو سراہا، آرمی چیف نے دورے کے دوران امریکی افواج کے سربراہ جنرل ڈنفورڈ، سینٹکام چیف جنرل لائیڈ آسٹن اور افغانستان کے لئے نامزد امریکی کمانڈر جنرل نیکولسن سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں ، ان ملاقاتوں میں پاک امریکہ دفاع تعاون اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔