کئی پروازیں منسوخ !!! پالپا اور پی آئی اے انتظامیہ کا تنازع شدت اختیار کر گیا
کراچی (92نیوز) سول ایوی ایشن کی جانب سے پی آئی اے کے پائلٹ کا لائسنس معطل کر نے کے بعد ایک نیا تنازع کھڑا ہو گیا۔ پی آئی اے کی متعدد اندرون ملک اور بیرون ملک جانے والی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پالپا کے صدر کیپٹن عامر ہاشمی کا کہنا ہے کہ سی اے اے نے وجہ بتائے بغیر ایکشن لیا اور پی آئی اے کے پائلٹ کا لائسنس معطل کر دیا جو ایک غیرقانونی عمل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسافروں کو مشکل اور پرواز کو تاخیر سے بچانے کے لئے پائلٹ نے انتظامیہ کے اصرار پر پرواز آپریٹ کی۔ پالپا کے صدر کیپٹن عامر ہاشمی نے لکھے گئے اپنے خط میں کہا ہے کہ پی آئی اے انتظامیہ کی بے حسی کے باعث دیگر پائلٹس لائسنس کی خاطر لمبی ڈیوٹی سے انکار کردیں تو 40 فیصد پروازیں متاثر ہوں گی۔
خط کے ذریعے انتظامیہ کو مطلع کیا تھا کہ ان پروازوں پر 2 پائلٹس لگائے جائیں تاکہ لائسنس کی معطلی سے بچا جا سکے۔ تنازع کے باعث پی کے 225 اور پی کے 226 کراچی مسقط کراچی منسوخ کر دی گئی جس کے تین سو مسافروں کو ہوٹل میں قیام کا اضافی خرچہ بھی پی آئی اے انتظامیہ کو برداشت کر نا پڑا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی بے حسی کے باعث دیگر پروازیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اس سے قبل دبئی سے پشاور آنے والی پرواز پی کے 284 پالپا تنازع کے باعث منسوخ کی گئی جبکہ کراچی سے دبئی جانے والی پرواز پی کے 207 منسوخ کی گئی جس کے بعد چیئرمین پی آئی اے مسافروں کو چھوڑ کر نجی ایئرلائن سے دبئی روانہ ہوگئے۔
منسوخ ہونے والی پروازوں میں کراچی سے دبئی جانے والی پرواز پی کے 207 ‘ دبئی سے پشاور آنے والی پرواز پی کے 284 ‘ تربت سے پنجور جانے والی پرواز پی کے 517 ‘ کراچی سے رحیم یار خان جانے والی پرواز پی کے 582 ‘ تربت سے ابوظہبی مسقط جانے والی پرواز پی کے 197 منسوخ کر دی گئی جبکہ اسلام آباد سے کابل جانے والی پرواز پی کے 251 ‘ کراچی سے تربت جانے والی پرواز پی کے 501 ‘ پنجور سے کراچی آنے والی پرواز پی کے 518 تاخیر کا شکارہوئی۔